نئی دہلی10فروری ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کانگریس صدر راہل گاندھی نے روزگار کے معاملے پر اتوار کو مرکز پر نشانہ لگاتے ہوئے الزام لگایا کہ نااہلی اور رعونت کے عنصر نے اس حکومت کو اخلاقی دیوالیہ پن کی عین مثال بنادیا ہے ۔ اپنے ا س الزام کی حمایت میں راہل گاندھی نے میڈیا میں آئی ایک خبر کی مثال دی۔ جس میں ایپ ٹیکنالوجی پر مبنی ’اوبر‘ کمپنی سے وابستہ ایک ڈرائیور نے کہا ہے کہ حکومت نے اسے کام نہیں دیا، اس نے لاکھوں روپے سرمایہ کاری کرکے روزگار حاصل کیا ہے ۔پالیسی کمیشن کے اولا؍اوبرسے 20 لاکھ روزگار سے متعلق مبینہ بیان کے متعلق پوچھنے پر ڈرائیور نے مذکورہ تبصرہ کیاتھا ۔ راہل گاندھی نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ :’ نااہلی ، تکبر، عجب ، رعونت جیسے عناصر کے بدترین امتزاج نے اس حکومت کو اخلاقی دیوالیہ پن کی عین مثال بنا دیا ہے۔ بے روزگاری کے مسئلے کو لے کرراہل گاندھی مسلسل پی ایم مودی کی تنقید کر رہے ہیں۔ وہ اکثر کہتے ہیں کہ اقتدار میں آنے سے پہلے، ہر سال دو کروڑ روزگار کا وعدہ کیا گیا تھا ؛لیکن یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔راہل گاندھی کی تنقید میں ایک انگریزی روزنامہ میں شائع خبرکے بعد شدت آ گئی۔ اس رپورٹ میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ:’ ملک میں بے روزگاری کی شرح 45 سال میں سب سے بری ہے ‘۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے لیبر فورس پر سروے کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔ واضح ہو کہ اس سروے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 45 سال میں ملک میں بے روزگاری کی شرح سال 2017 ... 18 میں سب سے زیادہ 6.1 فیصد رہی ہے ۔